غازی آباد ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت نے قومی ترنگا کی توہین پر فلمی اداکار امیتابھ بچن اور ان کے فرزند ابھیشیک بچن کے خلاف ایک شکایتی کیس درج کرلیا۔ ایک شکایت کنندہ چیتی دھیمن نے جوکہ غیر سرکاری تنظیم منتر کے سرگرم کارکن ہیں، مجسٹریٹ کو پیش کردہ اپنی شکایت میں یہ الزام عائد کیا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ 23اپریل کو عالمی کپ میں پاکستان کے خلاف ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی سے متعلق ویڈیو کلپنگ اور تصاویر انٹرنیٹ پر دیکھ رہے تھے کہ ایک تصویر میں امیتابھ بچن اپنی جوہو کی قیامگاہ پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے اپنی پیٹھ اور کاندھوں پر ترنگا ڈال کر اپنے مداحوں کو فتح کی مبارکباد دے رہے تھے۔ قبل ازیں امیتابھ کے فرزند ابھیشیک نے بھی 2 اپریل 2011ء میں دوسرے عالمی کپ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر ہندوستانی قومی پرچم اوڑھ کر اپنی قیامگاہ کے قریب مداحوں سے ملاقات کی تھی۔ باپ اور بیٹے کے اس اقدام سے قومی ترنگا کی توہین ہوئی ہے لہٰذا ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی ضرورت ہے۔