قومی پرچم کی بے حرمتی فلم ڈرٹی پالیٹکس کے پروڈیوسر اور اداکارہ ملیکا شراوت کے خلاف ایف آئی آر

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز)بالی ووڈ کی فلم ’’ڈرٹی پالیٹکس‘‘ کے پروڈیوسر اور اداکارہ کے خلاف پرانے شہر کے ایک پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی پرچم ترنگے کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں درخواست گذار عدالت سے رجوع ہوئے تھے اور عدالت کے احکامات پر فلک نما پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ۔ یہ بات انسپکٹر فلک نما محمد شاکر حسین نے بتائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نیم برہنہ حالت میں اداکارہ ملیکا شراوت نے قومی ترنگے کو اپنے جسم سے لپیٹ کر کار پر بیٹھنے کا ایک پوز دیا تھا اور اس سے کروڑوں ہندوستانیوں کی دل آزاری ہوئی تھی اور قومی ترنگے کی بے حرمتی کے خلاف فاطمہ نگر علاقہ کے ساکن سماجی کارکنان عبدالقادر اور سمیع الدین آزاد نے عدالت کا رُخ کیا تھا اور ان کی رہنمائی ایڈوکیٹ عبدالقوی عباسی نے کی تھی اور کامیاب پیروی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کروائی ۔ 15 ویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولٹین مجسٹریٹ نے فلک نما پولیس کو ہدایت کی کہ وہ درخواست گذار کی شکایت پر مقدمہ درج کرلے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 13 اگست کے دن عدالت نے ہدایت دی تھی اور پولیس نے تحقیقات کے بعد کل ایف آئی آر درج کرلی ۔ درخواست کے ایڈوکیٹ کا دعوی ہے کہ فلم ڈرٹی پالیٹکس کے خلاف ملک بھر میں یہ پہلا ایف آئی آر ہے جس میں ملزم نمبر ایک ملیکا شراوت اور ملزم نمبر دو فلم کے پروڈیوسر اور ڈائرکٹر ہیں۔