قومی پرچم کا بیجا استعمال ،عام آدمی پارٹی کے خلاف درخواست مسترد

ممبئی ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے عام آدمی پارٹی اور اس کے لیڈر اروند کجریوال کے خلاف مبینہ طور پر قومی پرچم اور نشان کو سیاسی مفادات کیلئے بیجا استعمال کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ چیف جسٹس موہت شاہ اور جسٹس ایم ایس سنکلیچا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے رام سمودرے کی درخواست کو اس وقت مسترد کردیا جب عام آدمی پارٹی نے اپنے حلفنامہ میں کہا کہ سیاست میں داخلہ کے بعد سے آج تک اس نے قومی پرچم اور نشان کا استعمال نہیں کیا ہے ۔

درخواست میں عام آدمی پارٹی اور اس کے کارکنوں کو قومی پرچم کے بیجا استعمال نہ کرنے کی ہدایت دینے کی خواہش کی گئی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق عام آدمی پارٹی کی ویب سائیٹ اور ریالیوں میں قومی پرچم کو پارٹی علامت کے طور پر دکھایا جارہا ہے۔