اے پی میں کلکٹرس کانفرنس ، چیف منسٹر چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی نگہداشت و مرمتی کاموں کی انجام دہی کے لیے ضرورت پڑنے پر ایک خصوصی بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ آج یہاں امراوتی میں ضلع کلکٹرس کی منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے آج دوسرے دن ضلع کلکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے شاہراہوں کے مرمتی کاموں کا تذکرہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شاہراہوں پر پائے جانے والے گڑھوں کو بند کرنے پر اولین ترجیح دی جائے اور شاہراہوں پر پانی جمع ہو کر شاہراہوں کو متاثر ہونے سے بچایا جانا چاہئے اور جہاں کہیں بھی ضرورت محسوس ہو ڈرینج کی تعمیر عمل میں لانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضلع کلکٹروں کو ہدایات دیں اور شاہراہوں پر پائے جانے والے گڑھوں کو بند کرنے و مرمتی کام انجام دینے کے لیے ذمہ داری خانگی ایجنسیوں کے حوالہ کرنے کا ضلع کلکٹروں کو مشورہ دیا ۔ انہو ںنے کہا کہ سی سی کیمروں کے ذریعہ شاہراہوں کی تعمیرات پر کڑی نظر رکھی جانی چاہئے اور ان کیمروں کی مدد سے شاہراہوں کے تعمیری کاموں کا بھی جائزہ لیں ۔ شاہراہوں کی تعمیر میں ناقص کام کرنے اور مبینہ بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جانے والے ایجنسیوں و گتہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا چیف منسٹر نے انتباہ دیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مقررہ مدت میں سڑکوں کی تعمیرات عمل میں نہ لانے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ریاست میں 24 ہزار سولار پمپ سیٹس کو گرڈ سے مربوط کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی برقی پیداوار سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم ہوگا ۔ ریاست میں برقی شرحوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ موثر انداز میں برقی پیداوار کے باعث فی یونٹ کی شرح کو 5.50 روپئے سے گھٹا کر 3.75 روپئے کی گئی ۔ ریاست میں الیکٹرک موٹرس چلانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں الیکٹرک موٹرس چلانے کے رجحانات فروغ پا رہے ہیں لہذا الیکٹرک موٹر گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کرنے کے اقدامات کرنے کا ضلع کلکٹروں کو مشورہ دیا ۔ اور اس بات کی ہدایت بھی دی کہ کچرا اکھٹا کرنے کے لیے پائی جانے والی موجودہ گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک موٹر گاڑیوں کو متعارف کریں ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء بشمول چیف سکریٹری و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔۔
محمدی لائن سکنڈ لانسر میں
مفت ختنہ کیمپ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : محمد خالد علی نقشبندی کے بموجب آل انڈیا ادارہ اتباع رسالتؐ کے زیر اہتمام 13 مئی اتوار صبح 9 تا شام 5 بجے محمدی لائن سکنڈ لانسر گورنمنٹ پرائمری اسکول درگا نگر میں ایک روزہ مفت ختنہ کیمپ منعقد ہے ۔ جس میں حیدرآباد و سکندرآباد کے مشہور و ماہر ختنہ حکیم محمد عبدالباری صدیقی جامعی ختنہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ سید پاشاہ حسینی کنوینر مفت ختنہ کیمپ صبح 8 بجے سے بچوں کا رجسٹریشن کر کے ٹوکن جاری کریں گے ۔ مزید معلومات کے لیے 9391125959 پر ربط کریں ۔۔