میڑچل ، کریم نگر راجیو راہداری کی توسیع کے لیے محکمہ دفاع سے ہری جھنڈی
حیدرآباد۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے حیدرآباد سے قومی شاہراہوں کو مربوط کرنے کیلئے تعمیر کئے جانے والے ایلیویٹیڈ کاریڈورس کیلئے منظوری دے دی ہے اور میڑچل کریم نگر راجیو راہداری شاہراہ کی توسیع کرنے کیلئے محکمہ دفاع سے گرین سگنل حاصل ہوچکا ہے اور کنٹونمنٹ علاقہ میں محکمہ دفاع کی اراضیات دینے سے بھی اتفاق کیا ہے۔ اس اقدام سے اس شاہراہ پر فلائی اوور بریجیس کی تعمیر کیلئے راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کی شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت میں اضافہ سے اس کی مناسبت سے شاہراہوں کی توسیع نہیں ہوسکی اور شہر میں گھومنے والی گاڑیوں کے علاوہ اضلاع کو جانے والی گاڑیاں بھی ان ہی شاہراہوں سے گذرنے کی وجہ سے ٹریفک مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ سابق میں شہر کے اطراف قومی شاہراہ پر گذرنے والی گاڑیاں بھی شہر میں آتی تھیں لیکن اب اوٹر رنگ روڈز کی تعمیر کے باعث گاڑیوں کے شہر میں آنے سے پیدا ہونے والے مسائل کی یکسوئی ہوسکی لیکن شہر سے باہر جانے والی گاڑیاں شہر کے اندر کی شاہراہوں سے ہی گذرنے کی وجہ سے ہونے والی مشکلات کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے ہی حکومت نے قومی شاہراہوں پر راست پہونچنے کیلئے ایلیویٹیڈ کاریڈورس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر میں فلائی اوورس چڑھنے والی گاڑی مضافاتی علاقہ پار کرنے کے بعد قومی شاہراہ پر پہنچ سکتی ہے جس کے باعث شہر میں ٹریفک کے مسائل کافی حد تک کم ہونے کا اعلیٰ عہدیدار نے اظہار کیا ہے اور اسی طرح شہر کی چاروں سمت اوپل تا گھٹکیسر، اوٹر رنگ روڈ، آرام گھر تا شمس آباد، جوبلی بس اسٹیشن تا شاہ میر پیٹ، پیراڈائز تا کومپلی اور دیگر علاقوں میں ان فلائی اوورس کی تعمیر کی تجویز ہے۔ اوپل میں تعمیری کئے جانے والے ایلیویٹیڈ کاریڈور کیلئے 960 کروڑ روپئے کے مصارف کا تخمینہ ہے۔ اس میں 330 کروڑ روپئے حصول اراضی کیلئے مختص کئے جائیں گے۔ آرام گھر تا شمس آباد کی طرف تعمیر کئے جانے والے کاریڈور کیلئے جملہ 1350 کروڑ روپئے درکار ہوں گے۔ جبکہ جوبلی بس اسٹیشن تا شاہ میر پیٹ تک فاصلے تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور کیلئے 1500 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے اور اسی طرح پیراڈائز تا براہ بوئن پلی سے کومپلی کے درمیان ایک اور فلائی اوور بھی تعمیر کیا جائے گا اور اس کاریڈور کی تعمیر کیلئے بوئن پلی، تروملگری، الوال علاقہ میں محکمہ دفاع کی اراضی ہونے کے باعث ان اراضیات کو حاصل کرنا ہوگا۔ جبکہ مرکزی حکومت کا تعاون ہونے پر ان اراضیات کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق اب تک متعدد مرتبہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس مسئلہ پر محکمہ دفاع سے نمائندگی کرکے توجہ مبذول کروائی گئی جس کے نتیجہ میں حکومت محکمہ دفاع سے حصول اراضیات کے معاملے میں کامیابی حاصل کرسکی۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ جنہوں نے گزشعتہ دن دہلی روانہ ہوئے تھے ، دہلی میں قیام کے دوران مرکزی وزیر فینانس دفاع ارون جیٹلی سے ملاقات کرکے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ میڑچل۔ کریم نگر قومی شاہراہوں کی توسیع کیلئے درکار اراضیات دینے سے مرکزی وزیر نے اتفاق کیا۔ اس طرح یہ تمام فلائی اوورس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ٹریفک مسائل میں کافی حد تک کمی ہوسکتی ہے۔