حیدرآباد۔ یکم جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ریاست میں واقع قومی شاہراہوں پر ہونے والے سڑک حادثات کی فی الفور اطلاع پہنچانے کو یقینی بنانے کیلئے تمام اہم شاہراہوں پر ہر ایک کیلو میٹر کے فاصلہ پر ایک مفت ٹیلی فون بوتھ حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے لیکن ان ٹیلی فون بوتھس سے ہر کسی کو فون کرنے کی سہولت فراہم نہیں رہے گی بلکہ فون بوتھ میں دستیاب ٹیلی فون کے لال بٹن کو دبانے پر قریبی ہائی وے پٹرولنگ عہدیداروں کو کال ملنے پر فوری طور پر پیش آئے حادثہ کے مقام وغیرہ کی فوری اطلاعات موصول ہوجاتی ہے اور اس طرح حادثہ کے مقام پر پہنچ کر فوری طبی امداد پہنچانے کیلئے مدد حاصل ہوسکتی ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ابتداء میں یہ ٹیلی فون بوتھس اضلاع کرشنا اور گنٹور کے درمیان تمام اہم شاہراہوں پر حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے قائم کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ان ٹیلی فون بوتھس کے ساتھ ( سی سی ٹی وی ) سریلوینس کیمروں کی بھی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور پھر ان تمام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منگل گیری کے پاس واقع ٹول پلازا کے پاس ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔