کے ٹی آر پر تنقید آگ سے کھیلنے کے مترادف ، ٹی آر ایس ارکان مقننہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے پارٹی کے کل منعقدہ 17ویں پلینری سیشن کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد سے قومی سیاست میں تبدیلی کا جو اعلان کیا ہے اس کا ملک بھر میں خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ پارٹی کے ارکان مقننہ کے پربھاکر، سرینواس ریڈی، ایس راجو، تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بالاملو اور جنرل سکریٹری جی رامچندر راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے محاذ کے قیام کا ملک بھر سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا، جھارکھنڈ کے سابق چیف منسٹر ہیمنت سورین اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کے سی آر کی مساعی کی تائید کی ہے۔ قائدین نے پلینری اجلاس کو کامیاب بنانے پر قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں ڈسپلن کا مظاہرہ کیا گیا وہ مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکز بناتے ہوئے کے سی آر نے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی کے متبادل کے طور پر محاذ کے قیام کا مقصد گزشتہ 70 برسوں سے دونوں پارٹیوں کے تسلط کا خاتمہ ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ تمام ریاستوں کے قائدین کی نظریں تلنگانہ پر ٹکی ہوئی ہیں اور وہ تیسرے محاذ کے قیام کے منتظر ہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ ڈی ایم کے کے کارگذار صدر اسٹالن اور اتر پردیش کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو سے کے سی آر کی بہت جلد ملاقات ہوگی۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ تلنگانہ کے سپوت پی وی نرسمہا راؤ جب ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز ہوئے تو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر قائدین نے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر قومی سیاست میں حصہ لیتے ہیں تو تلگو سپوت کی حیثیت سے ان کی ستائش کرنے کے بجائے کانگریس قائدین مضحکہ خیز بیانات جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین کے رویہ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اپنی زبان کو قابو میں رکھیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اتم کمار ریڈی اگر نچلی سطح کے بیانات کا سلسلہ جاری رکھیں تو ٹی آر ایس اسی انداز میں جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون میں 150 کمروں کا دعویٰ کرنے والے اتم کمار ریڈی کو چیف منسٹر نے 15 سے زائد کمرے ثابت کرنے کا چیلنج کیا۔ چیف منسٹر کے چیلنج کے بعد اتم کمار ریڈی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ اتم کمار ریڈی کا دعویٰ ہے کہ پرگتی بھون کو کے سی آر کی جاگیر نہیں ہے حالانکہ ٹی آر ایس قائدین کا بھی یہی موقف ہے کہ پرگتی بھون چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ ہے جو چیف منسٹر کی تبدیلی کے ساتھ منتقل ہوجائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر اتم کمار ریڈی اپنے موقف پر قائم ہیں تو انہیں پرگتی بھون کے کمروں کو ثابت کریں۔ پربھاکر نے اتم کمار ریڈی کی جانب سے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ پر الزام تراشی کی مذمت کی اور کہا کہ کے ٹی آر پر الزام تراشی آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم دور حکومت میں جو کام انجام نہیں دیئے گئے ٹی آر ایس نے چار برسوں میں انہیں مکمل کیا۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے۔