قومی سطح پر مسلمانوں کے فلاحی اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت

مہدویہ ٹرسٹی بورڈ کیلئے تعاون کا وعدہ ، پرواز جشن کے اختتامی اجلاس سے این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد۔8ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی نے مہدویہ ٹرسٹی بورڈ مشیرآباد کے فروغ اور استحکام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے بورڈ کے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔ آج یہاں مہدویہ ٹرسٹی بورڈ مشیرآبادکے پچاس سالہ پرواز جشن کی اختتامی تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے این نرسمہا ریڈی نے کہاکہ وہ مہدویہ ٹرسٹی بورڈ کے قیام سے لیکر پچاس سالہ جشن تک کی تفصیلات سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وہ تین مرتبہ اسمبلی حلقہ مشیرآباد سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور ان کی کامیابی میں مشیرآباد کے محلے پٹھان بستی کا نمایاں رول رہا ۔ نرسمہا ریڈی نے مہدویہ ٹرسٹی بورڈ کے فلاحی کاموں کی ستائش کی اور کہاکہ بہادر یارجنگ ہال کی تعمیر کے بعدکلب انتظامیہ نے یہاں پر کئے غریب او رنادار لڑکیوں کی کم خرچ پر شادیاں انجام دی ہیں۔ تقریب کا آغاز قاری عبدالرحیم ظفیر کی قرات کلام پاک سے ہوا جبکہ سرپرست تقریب کی حیثیت سے حضرت پیرومرشد سید خوندمیر مجتہدی نے اپنے خطاب میںمہدویہ ٹرسٹی بورڈ کی ستائش کی اور انتظامیہ کے فلاحی کاموں کی قبولیت کے لئے دعائیں بھی کی۔ نگران کار تقریب وصدر مہدویہ ٹرسٹی بورڈ مشیرآباد جناب مرزا غلام محمد بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ کے تمام اراکین بشمول صدر اللہ کی خوشنودی کے لئے کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مہدویہ ٹرسٹی بورڈ کی پچاس سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بانیان بورڈ کی دوراندیشیوں کی ستائش بھی کی۔تقریب میں اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرنے والے بیرونی مقررجناب عزیز احمد خان سابق ڈپٹی کمشنر آف گجرات پولیس ‘ ونگ کمانڈر جناب محمود خان بنگلور‘ جناب محمد سراج لاڈلے شیخ  سینئر جج لیبر اینڈ انڈسٹریل کورٹ بڑدوہ ‘ گجرات‘ جناب محمد یونس سیول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس‘ فورتھ ایڈیشنل کورٹ گلبرگہ نے بھی اپنے خطابات کے دوران قومی سطح پر مسلمانوں کے فلاحی اداروں کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔مقامی مقررین نے صدر حیات وممات مہدویہ حیدرآباد جناب سیدابراہیم اقبال انجینئر نے اداروں کے قیام اور ان کی کارکردگی میںبہتری کے لئے جوابدہی کے تصور کو لازمی قراردیا۔ نائب صدر تبلیغ مہدویہ مشیرآباد حضرت محمد صاحب نے ٹرسٹی بورڈ کے قیام سے لیکر پرواز گولڈن جوبلی جشن تک کی تمام تفصیلات پیش کئے ۔ استاد سخن جناب سید سمیع اللہ سمیع حسینی نے منظوم خراج تحسین پیش کیاجبکہ جناب اصغر خان اور اعزازی معتمد عمومی مہدویہ ٹرسٹی بورڈ محمدجعفر نے اجلاس کی کاروائی چلائی۔ مہدویہ ٹرسٹی بورڈ کی جانب سے تمام مہمانوںاور اعزازی مہمانوں کے علاوہ سابقہ صدور کو تہنیت بھی پیش کی گئی او رمرحوم بانیان مہدویہ ٹرسٹی بورڈ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ گولڈن جوبلی تقاریب کے ضمن میں منعقدہ تحریری تقریری اور کوئز مقابلوں میں انعامات حاصل کرنے والے طلبہ او رطالبات میںلیا پ ٹاپ کے علاوہ نقد رقمی انعامات کی تقسیم ریاستی وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔