قومی سطح پر دلت اور مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کے خلاف دھرنا

ریاستی انتظامیہ کی خاموشی پر اظہار افسوس ، جسوین جیرات و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔3جولائی(سیاست نیوز) قومی سطح پر دلتوں اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایس سی ‘ ایس ٹی‘بی سی ‘ مسلم فرنٹ کے زیراہتمام مجسمہ امبیڈکر واقع ٹینک بنڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ چیف کنونیر فرنٹ ثناء اللہ خان کی زیر قیادت منعقدہ اس دھرنے میںسماجی جہدکار جسوین جیرات کے بشمول پریم کمار‘ وائی راملو‘ مولانا حامد حسین شطاری‘ مولانا سید طارق قادری‘پروفیسر انور خان ‘ جناب نعیم اللہ شریف‘ رشید خان آزاد‘حیات حسین حبیب‘ اسلم عبدالرحمن‘حافظ متین ‘ ایم ایم شریف‘ محمد افضل کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر احتجاجیوں نے گائے او رمذہب کے نام پر اقلیتوں کے علاوہ دلتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی مذمت کی ۔ سماجی کارکنوں نے ان واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ وارانہ جارحیت پر مشتمل ان واقعات پر امن پسند ہندوستانیو ںکی خاموشی ملک کے جمہوری نظام کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہوگا اور متعلقہ ریاستی انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کو بھی قابل افسوس قراردیا۔ احتجاجیوں نے ملک میںبڑھتے ان واقعات کی روک تھام کے لئے سکیولر او رامن پسند شہریوں کو آگے آنے کا مشورہ دیا ۔ داداری میںاخلا ق سے لیکر 16سالہ حافظ جنیدکے ساتھ مارپیٹ اور قتل کی واردات کو جمہوری ہندوستان کی تاریخ کے سب سے بدترین واقعات قراردیتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گائے کے نام پر تشدد برپا کرنے والوں اور بے قصور افراد کے قتل میںملوث مجرمین کو کڑی سزاء دی جائے۔