حیدرآباد۔/27ڈسمبر ، ( سیاست نیوز) قومی سطح پر اقلیتوں کیلئے علحدہ سب پلان کی تیاری کے سلسلہ میں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور رحمان خاں اقلیتی اُمور کے ماہرین سے مذاکرات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مختلف ریاستوں کے اقلیتی قائدین سے بات چیت کی اور اقلیتوں کیلئے علحدہ سب پلان کی منظوری کے بارے میں ان کی تجاویز حاصل کیں۔ رحمان خاں نے نئی دہلی میں اس مسئلہ پر آندھرا پردیش کے سابق ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اور کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر سے تبادلہ خیال کیا اور آندھرا پردیش میں درج فہرست اقوام کیلئے تیار کئے گئے علحدہ سب پلان کی تفصیلات حاصل کیں۔ محمد علی شبیر نے انہیں ایس سی سب پلان کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے قومی سطح پر اقلیتوں کیلئے علحدہ سب پلان کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کو یقینی بنانے کیلئے علحدہ سب پلان معاون ثابت ہوسکتا ہے اور اس کے تحت اقلیتوں کی معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے مختلف نئی اسکیمات کا آغاز ممکن ہے۔
انہوں نے اس سلسلہ میں منصوبہ بندی کمیشن اور وزیر اعظم سے نمائندگی کی تجویز پیش کی۔ رحمان خاں نے بتایا کہ وہ مختلف ریاستوں میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات اور بجٹ کا جائزہ لے رہے ہیں ساتھ ہی ممتاز سماجی کارکن زویا حسن کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کا بھی انہوں نے جائزہ لیا ہے۔ ملک بھر سے تجاویز حاصل کرنے کے بعد وہ وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے اس معاملہ کو رجوع کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو پی اے حکومت اقلیتوں کیلئے علحدہ سب پلان کی تجویز کو یقینی طور پر منظوری دے گی۔ رحمان خاں نے علحدہ سب پلان سے متعلق خدو خال کو قطعیت دینے کے سلسلہ میں آندھرا پردیش کے دیگر ماہرین سے بھی تعاون کے سلسلہ میں محمد علی شبیر سے خواہش کی ہے ۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نے ملک میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی اور اس کی آمدنی سے اقلیتوں کی بھلائی کی اسکیمات کے آغاز کیلئے 100کروڑ روپئے سے نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کی تفصیلات سے بھی واقف کرایا۔ محمد علی شبیر نے تیقن دیا کہ وہ اقلیتی سب پلان کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف ماہرین کی تجاویز سے وزارت اقلیتی بہبود کو واقف کرائیں گے اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔