کے جانا ریڈی کی ترغیب معذرت خواہی پر کانگریس ارکان منقسم
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج کانگریس ارکان کو اس وقت منقسم دیکھا گیا جب کانگریس کے ایک رکن سے حکومت نے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ ہفتہ کو گورنر کے خطبہ کے دوران اور قومی ترانہ کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے سلسلہ میں کانگریس کے رکن سمپت کمار کی نشاندہی کی گئی ۔ کانگریس کے فلور لیڈر جانا ریڈی نے سمپت کمار سے معذرت خواہی کی خواہش کی تاکہ اس تنازعہ کو ختم کیا جاسکے۔ جانا ریڈی کے اس موقف پر پارٹی کے دیگر ارکان اور خاص طور پر بعض سینئر ارکان کافی بے چین ہوگئے۔ انہوں نے سمپت کمار کے اس موقف کی تائید کی کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث ٹی آر ایس ارکان کو بھی معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ سمپت کمار نے جب ٹی آر ایس ارکان سے بھی معذرت خواہی کا مطالبہ کیا تو جانا ریڈی نے مداخلت کی اور پہلے معذرت خواہی کرنے کی ہدایت دی ۔ اس پر کانگریس ارکان میں عجیب صورتحال پیدا ہوگئی ۔ حکومت نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سمپت کمار کو ایوان سے معطل کرنے کی قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس مرحلہ پر جانا ریڈی نے دوبارہ سمپت کمار کو معذرت خواہی کی ہدایت دی۔ سمپت اور کانگریس کے دیگر ارکان اس ہدایت سے خوش نہیں تھے اور انہوں نے باہمی مشاورت کے ذریعہ معذرت خواہی کے بجائے اظہار تاسف کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سمپت کمار نے بادل ناخواستہ اظہار تاسف کیا۔ جانا ریڈی کے اس موقف پر کانگریس ارکان ایوان کے باہر مخالفت میں تبصرے کرتے دیکھے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جانا ریڈی کو ٹی آر ایس ارکان کی معذرت خواہی کے لئے اصرار کرنا چاہئے تھا ۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں کانگریس کے ارکان جانا ریڈی کی قیادت اور ان کے اندازِ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔