ممبئی۔/29اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے آج کہا ہے کہ وہ اپنا قومی ایوارڈ واپس نہیں کریں گی کیونکہ یہ اعزاز حکومت نے نہیں بلکہ ملک نے دیا ہے۔یہ تبصرہ اس پس منظر میں آیا ہے جب فلم انسٹی ٹیوٹ طلباء سے اظہار یگانگت اور ملک میں بڑھتے ہوئے عدم تحمل کے خلاف بعض ممتاز فلمی شخصیتوں کی جانب سے قومی ایوارڈس واپس کردینے کا اعلان کیا گیا۔ ’ انڈیا ٹو ڈے ‘ کنکلیو میں ودیا بالن نے کہا کہ یہ اعزاز قوم نے دیا ہے حکومت نے نہیں۔ لہذا میں ہرگز واپس نہیں کروں گی۔ودیا بالن کو سال 2012ء میں فلم ’ ڈرٹی پکچر ‘ میں بہترین اداکاری پر قومی ایوارڈ پیش کیا گیا تھا ۔ فلمساز دیباکر بنرجی اور آنندپٹوردھن 10فلمی شخصیتوں میں شامل ہیں جنہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے احتجاجی طلباء سے اظہار یگانگت اور ملک گیر سطح پر عدم رواداری میں اضافہ کے خلاف اپنے قومی ایوارڈس واپس کردیئے ہیں۔ دریں اثناء فلمی اداکارہ ودیا بالن نے بتایا کہ انہیں سیاست میں سے کوئی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ انہیں ناکامی کا اندیشہ ہے۔