کانگریس دور میں فسادات پر خاموشی کیوں :راجناتھ سنگھ
پٹنہ۔/29اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج بعض قلمکاروں اور ممتاز شخصیتوں کی جانب سے پدم اور ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈس کی واپسی پر تنقید کی اور اسے ایک سیاسی سازش قرار دیا ہے اور یہ حیرت کا اظہار کیا کہ یہ لوگ اسوقت کیا کررہے تھے جب کانگریس کے دور حکومت میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ کوئی یہ دعویٰ کیونکر کرسکتا ہے کہ ملک میں عدم رواداری کا ماحول حاوی ہوگیا ہے جبکہ نریندر مودی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد ایک بھی بڑا فرقہ وارانہ واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس نے طویل عرصہ تک ملک پر حکمرانی کی ہے اور متعدد ریاستوں میں فرقہ وارانہ فسادات پیش آئے حتیٰ کہ ایک ریاست میں تو 4تا5ہزار افراد مارے گئے لیکن اسوقت کسی نے استعفی دیا اور نہ ہی ایوارڈس واپس کئے اب یہ کیوں کیا جارہا ہے ناقابل فہم ہے۔مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی وجوہات کی بناء ایوارڈس واپس کئے جارہے ہیں۔ اگر کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو کئی ایک طریقے موجود ہیں اور کسی کو ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے تو یہ قوم کا افتخار ہوتا ہے لیکن ایوارڈس کی واپسی کے ذریعہ احتجاج مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ دادری ( اتر پردیش ) میں ایک مسلمان کا قتل کیا جاتا ہے تو مرکزی حکومت کیسے ذمہ دار ہوسکتی ہے جبکہ امن و قانون کی برقراری ریاست کے دائرہ کار میں ہوتی ہے۔