نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ترجمان اخبار نیشنل ہیرالڈ کا احیاء ہورہا ہے۔ 2008 ء سے اس کی اشاعت مسدود تھی۔ اسوسی ایٹڈ جرنلسٹس لمیٹیڈ نے آج اعلان کیاکہ اس اخبار کے نئے ایڈیٹر انچیف کی حیثیت سے سینئر جرنلسٹ نیلبھ مشرا کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ اسوسی ایٹیڈ جرنلسٹس لمیٹیڈ ایک کمپنی ہے جس کو پنڈت جواہر لال نہرو نے1937 ء میں قائم کی تھی۔ اخبار کے انگلش اور ہندی ایڈیشن نیشنل ہیرالڈ اور نوجیون کی اشاعت شروع کی گئی ہے۔ کانگریس کے خازن موتی لال ووہرا نے جو اس کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر ہیں نے آج یہ اعلان کیا۔ ان اخبارات کی اشاعت کی خصوصی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ آنے والے مہینوں میں دونوں اخبارات کو جاری کیا جانے والا ہے۔ اس کے بعد اردو اخبار قومی آواز کا بھی آغاز ہوگا۔ ان اخبارات کی دوبارہ اشاعت کے ذریعہ نہرو کے نظریہ کو اُجاگر کیا جائے گا اور آزادانہ اور سیکولر مزاج کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرے گا۔