قومی اقلیتی کمیشن بھائی چارے کا ماحول پیدا کرنے کوشاں

لکھنو ۔ 29 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی اقلیتی کمیشن کی پوری سات رکنی ٹیم نے آج فساد زدہ مظفر نگر اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور کمیشن نے ان ضلع کے حکام سے مقامی وکاس بھون میں صلاح و مشورہ کیا ، اس موقع پر مظفر نگر اور شاملی کے ضلع مجسٹریٹوں کے علاوہ انتظامیہ اور پولیس کے تمام اہلکار موجود تھے ۔ قومی اقلیتی کمیشن کے چیرمین مسٹر وجاہت حبیب اللہ نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن اس فساد زدہ علاقہ میں نئے سرے سے بھائی چارہ کا ماحول قائم کرنا چاہتی ہے ۔ اس غرض کو پورا کرنے کیلئے ان کے ہمراہ دہلی و دیگر مقامات پر کام کرنے والی غیر سرکاری سماجی اداروں کے ارکان بھی آئے ہیں جو اس خطے میں بھائی چارہ قائم کرنے میں تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ اس علاقے کے دونوں فرقوں میں ایک دوسرے کے تئیں اعتماد و بھروسہ پیدا کرنا ہے اور ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفر نگر سمیت مغربی یو پی میں گزشتہ دنوں جو کچھ ہوا کیا اس کی جانب کوئی توجہ نہیں کی جاسکتی ہے ۔

ہر انسان کو ایک دن مرنا ہے : اسٹالن
چینائی ۔ 29 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے خازن اور پارٹی سربراہ کروناندھی کے چھوٹے بیٹے ایم کے اسٹالن نے آج کہا کہ انہوں نے اپنے بڑے بھائی ایم کے الاگیری کی جانب سے ان کی (اسٹالن) موت کے بارے میں پیش قیاسی کا کوئی منفی نوٹس نہیں لیا ہے۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ الاگیری کے پتلے نہ جلائیں کیونکہ ہمارے لئے پارٹی ڈسپلن سب سے زیادہ ترجیحی عمل ہے ۔ اسٹالن نے کہا کہ میرے بڑے بھائی کے باتوں پرمجھے کوئی افسوس نہیں ہے۔