قومی اقلیتی فینانس و ترقیاتی کارپوریشن کے عہدیداروں کی حیدرآباد آمد

آندھرا پردیش کے عہدیداروں کو مختلف اسکیمات پر توجہ دہانی ، ایس اے شکور اور سید ولایت حسین سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) قومی اقلیتی فینانس و ترقیاتی کارپوریشن کی مختلف اسکیمات سے آندھراپردیش کے عہدیداروں کو واقف کرانے کیلئے اسسٹنٹ جنرل مینجر بھاسکر اور دیگر عہدیدار نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچے۔ انہوں نے آج اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے قومی ترقیاتی کارپوریشن کی اسکیمات سے واقف کرایا۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور اور جنرل مینجر سید ولایت حسین نے کارپوریشن کی جانب سے عمل کی جارہی اسکیمات کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن اپنی اسکیمات آندھراپردیش میں عمل آوری کا خواہاں ہے تو ریاستی کارپوریشن مکمل تعاون کرے گا ۔ قومی اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کی اسکیمات میں ٹرم لون، تعلیمی قرض ، محکمہ فینانس ، مہیلا سمردھی ، ووکیشنل ٹریننگ ، مارکیٹنگ اور اقلیتی طلباء کی صلاحیتوں میں اضافہ سے متعلق اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ۔ ریاستی کارپوریشن کے عہدیداروں نے ان اسکیمات پر عمل آوری میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ مالیاتی سال سے آندھراپردیش میں بھی یہ اسکیمات شروع کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار برسوں سے قومی ادارہ کی کسی اسکیم پر آندھراپردیش میں عمل نہیں کیا گیا۔ مرکزی حکومت کی اسکالرشپ اسکیم کے علاوہ کسی اور اسکیم پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن آئندہ مالیاتی سال بیشتر قومی اسکیمات کو آندھراپردیش میں نافذ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔