قواعد آسان بنانے حکومت کو عوام کی تجاویز مطلوب

نئی دہلی 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت چاہتی ہے کہ عام آدمی کی گذر بسر آسان ہو اور حکومت اسے یقینی بنانے کے لئے قاعدے قانون میں نرمی کرنے اور دفتر شاہی کو کم کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔ حکومت کا یہ ایقان ہے کہ ایسے کئی قواعد و ضوابط ہیں جن میں اصلاح کرتے ہوئے عام آدمی کی گذر بسر آسان کی جاسکتی ہے۔ حکومت اس تعلق سے تمام مکاتب فکر سے تجاویز اور رائے حاصل کررہی ہے۔ حکومت نے MyGov.in پلیٹ فارم قائم کیا ہے اور شہریوں، سیول سوسائٹی کے ارکان، صحیفہ نگاروں، طلبہ، ٹیچرس، پولیس حکام، سرکاری ملازمین، ارکان پارلیمنٹ، ماہرین تعلیم، بیوروکریٹس، سوشیل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والوں، تھنک ٹینکس اور دلچسپی رکھنے والے تمام دوسرے افراد سے رائے طلب کی ہے۔ پلیٹ فارم پر سینکڑوں تبصرے وصول ہوئے ہیں اور عوام تبدیلیوں کے بارے میں سوالات کررہے ہیں۔ مروجہ قواعد ختم کرنے سے عوام کو ااسانی ہوتی ہے مثال کے طور پر اب امتحان میں شرکت کے لئے کسی گزیٹیڈ آفیسر کی طرف سے دستاویزات کی توثیق کی ضرورت نہیں رہی اس تعلق سے مروجہ قاعدہ برخواست کیا جاچکا ہے۔