قندوز ہاسپٹل پر فضائی حملہ ‘ اوباما کا اظہار افسوس

واشنگٹن۔4اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے صدر بارک اوباما نے افعان شہر قندوز کے ایک ہاسپٹل پر غلطی سے کئے گئے فضائی حملے اور اس میں 19افراد کی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور امریکی وزارت دفاع پنٹگان کو ہدایت کی ہے کہ تحقیقات کے عمل سے انہیں واقف کروایا جائے ۔ صدر اوباما  نے کہا کہ ’’ امریکی عوام کی طرف سے میں ان تمام طبی پیشہ وارانہ اور عام شہریوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں جو قندوز میں ( غیر سرکاری تنظیم ) ’ ڈاکٹرس وتھ آؤٹ بارڈس‘  کے ایک ہاسپٹل پر فضائی حملے میںہلاک اور زخمی ہوئے ہیں‘‘ ۔  صدر اوباما نے کہا کہ پنٹگان ( محکمہ دفاع) نے جامع تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس المیہ کی وجوہات کے حتمی نتیجہ پر پہنچنے سے قبل تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار کیا جائے گا ۔ امریکہ کے صدر نے مزید کہا کہ افغانستان کو محفوظ بنانے کے کام میں امریکی بدستور افغان صدر اشرف غنی ‘ افغان حکومت اور بین الاقوامی ساجھیداروں کے ساتھ افغان قومی دفاعی و سیکیورٹی فورسیس سے اپنا تعاون جاری رکھے گا ۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی قندوز ہاسپٹل پر فضائی حملے کی مذمت کی ہے ۔