پاکستان کو دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے : افغانستان
قندوز ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان فوجیوں نے امریکی فضائی مدد سے ایک جوابی جارحانہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے تاکہ قندوز پر قبضہ بحال کیا جاسکے۔ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ہے اور حموی گاڑیاں جو افغان فوج استعمال کرتی ہے، قندوز میں داخل ہورہی ہیں۔ ایرپورٹ پر طالبان کے قبضہ کے بعد حکومت افغانستان نے جوابی کارروائی کا جارحانہ انداز میں آغاز کردیا ہے۔ امریکی فوج نے قندوز پر فضائی حملے بھی کئے۔ ناٹو کے ایک بیان میں اس کی اطلاع دی گئی لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ حملے کہاں کئے گئے ہیں۔ بیان کے بموجب افغانستان اور اتحادی افواج کیلئے خطرہ کا صفایہ کردیا گیا ہے۔ نائب وزیرداخلہ افغانستان ایوب سلانگی نے کہا کہ فوج قندوز پر دوبارہ قبضہ کیلئے تیار ہے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان اپنے ملک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کا تیقن دے چکا ہے۔ افغانستان کے چیف ایگزیکیٹیو عبداللہ عبداللہ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اپنے وعدہ کی تکمیل کرنی چاہئے۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے دن خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کو کلیدی خاطی کی حیثیت سے شناخت کرلیا گیا ہے۔ ضرورت ہے کہ اس کا صفایہ کردیا جائے جیسا کہ پاکستان نے گذشتہ ماہ تیقن دیا تھا۔