قندوز پر افغان فوجیوں کا دوبارہ تسلط

قندوز ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان فوجوں نے حکمت عملی والے شمالی شہر قندوز کو طالبان کے قبضہ سے آزاد کروالیا جبکہ صرف تین روز قبل طالبان نے یہاں قبضہ کرلیا تھا جس سے ملک کی ناٹو افواج سے تربیت حاصل کئے افغان افواج کے موقف کو زبردست دھکا لگا تھا۔ تین دن تک گھمسان کی لڑائی جاری رہی جس میں امریکہ کی جانب سے محدود فضائی حملے بھی شامل ہیں اور اس طرح افغان فوجیوں کی جدوجہد بہرحال کارکرد ثابت ہوئی۔ قندوز میں افغان فوجیوں نے ایک نئی توانائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طالبان کے دانت کھٹے کردیئے اور قندوز کی سڑکیں طالبان کی نعشوں سے بھر گئیں۔ عینی شاہدین اور وہاں رہائش پذیر افراد نے یہ بات بتائی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قندوز میں لڑائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ تاہم قندوز سٹی پر افغان فوج کا قبضہ ہوچکا ہے اور اسے دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان صادق صدیقی نے اپنے ٹوئٹر پر یہ اطلاع دی اور کہاکہ طالبان کو شدید جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔