قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو مزید دو سال کیلئے توسیع

اتھاریٹی کے حدود اور پرانے شہر کی ترقی کیلئے عہدے بھی برقرار ، سکریٹری فینانس کے احکامات
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو مزید دو سال تک توسیع دی ہے۔ اتھاریٹی کے ایڈمنسٹریٹر سمیت 101 عہدوں کو دو سال تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں سکریٹری فینانس این شیو شنکر نے آج احکامات جاری کئے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں اور پرانے شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے یکم مارچ 2015سے 28فبروری 2017تک 101عہدے برقرار رہیں گے ان میں ایڈمنسٹریٹر، سکریٹری، سپرنٹنڈنگ انجینئر، آڈٹ آفیسر، اسسٹنٹ ڈائرکٹر ہارٹیکلچر، ایکزیکیٹو انجینئر، ڈپٹی ایکزیکیٹو انجینئر (2)، اسسٹنٹ انجینئر (4) ڈرافٹسمین، سپرنٹنڈنٹ اور دیگر عہدے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پرانے شہر کی ترقی کیلئے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا لیکن بتدریج یہ ادارہ حکومت کی عدم توجہ اور فنڈز کی عدم اجرائی کے باعث غیر کارکرد ہوچکا ہے۔ اس ادارہ کا وجود برائے نام ہوکر رہ گیا اور عوامی مخالفت اور ناراضگی سے بچنے کیلئے اس طرح کی توسیع محض ایک دکھاوے کے سوا کچھ نہیں۔