ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ، وزیر امکنہ و قانون اندرا کرن ریڈی کی انتخابی مہم ، مسلمانوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ساری ریاست میں آج ٹی آر ایس تاریخ ساز ترقیاتی کاموں کے ذریعہ انتخابی وعدوں کو پورا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔ کے سی آر کی قیادت نے علاقہ تلنگانہ میں تمام طبقات کو مطمئن کرتے ہوئے بہت کم وقت میں نئی ریاست کو چار چاند لگا دئیے جب کہ سماج کا ہر طبقہ ان کی کارکردگی سے خوش ہے بالخصوص اقلیتوں کے لیے شادی مبارک اسکیم ، قرضہ جات ، بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ، ٹی آر ایس کا کارنامہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر امکنہ ، قانون ، ہاوزنگ مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مسٹر ریڈی ایک ہفتہ سے گریٹر حیدرآباد کے نئے شہر میں بلدی انتخابات کی مہم میں رات دن مصروف ہیں ۔ آج بعد نماز جمعہ BK گوڑہ امیر پیٹ ڈیویژن کی جامع مسجد کے مصلیوں سے فردا فردا ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کو ایک مثالی شکل دینے میں کے سی آر حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی ۔ ساتھ ہی کے سی آر کی مستحکم قیادت اور ان کی شاندار کارکردگی کے تناظر میں شہر حیدرآباد کے مئیر اور ڈپٹی مئیر ٹی آر ایس پارٹی کا ہوگا ۔ آج شہر کی گلی گلی میں عوام ٹی آر ایس کا والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ عوام کے جوش اور کے سی آر کی قیادت کے تناظر میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے مجلس بلدیہ حیدرآباد پر قبضہ کرے گی ۔ عوام جان گئے ہیں کے ہر حکومت نے عین انتخابات کے وقت عوام کو سبز باغ دیکھا کر اقتدار حاصل کیا اور انتخابی وعدوں سے انحراف کیا جب کہ ٹی آر ایس اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلسل ساری ریاست میں ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ سماج کے ہر طبقہ کی ترقی کے سی آر کا فرض اولین ہے ۔ مسٹر ریڈی نے تمام رائے دہندوں سے پر زور اپیل کی کہ وہ شہر حیدرآباد کی مثالی ترقی کے لیے بلدیہ کے انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کرتے ہوئے کے سی آر کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ واضح رہے کہ اے اندرا کرن ریڈی وزیر موصوف کا تعلق عادل آباد ضلع کے تعلقہ نرمل سے ہے اور بہت کم وقت میں آج تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے قریبی رفقاء میں ان کا شمار ہونے لگا ہے ۔۔