قلم ‘ تلوار سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے ۔ یہ کہاوت ایک پناہ گزین باپ کی اثر انگیز تصویر کی وجہ سے بھی درست ثابت ہوئی ہے ۔ زیر نظر تصویر میں ایک باپ کو اپنی بیٹی کو کندھے پر ڈالے حسرت و یاس کے ساتھ بیروت میں پن فروخت کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا ۔ اس تصویر کے بعد اس شخص کی مدد کیلئے اپیل کی گئی تھی جس پر ایک دن میں 75,000 پاونڈ کی رقم جمع ہوگئی ۔ یہ شخص شام سے تعلق رکھتا ہے اور تصویر میں اسے بیروت کی گلیوں میں پن فروخت کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا ۔اس شخص کا نام صرف عبدل کہا گیا ہے ۔ حالانکہ یہ رقم عبدل کیلئے جمع کی گئی ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ وہ اس میں ساتھی پناہ گزینوں کی بھی مدد کریگا جو اس جیسے ہی نا مساعد حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔