قلم ایک انمول چیز

بچو! قلم ایک انمول چیز ہے جس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ پڑھنے لکھنے والے کرتے ہیں ۔ قلم ہمیں تعلیم اور علم سے قریب تر کرتا ہے جس سے ہم اونچائیوں تک پہونچ سکتے ہیں ۔ قلم ہماری زندگی کو سدھارنے کی ایک سیڑھی ہے ۔ یعنی قلم ہماری ان دلی باتوں کو جو ہم آزادانہ طور پر ظاہر نہیں کرسکتے انہیں ہم قلم کی مدد سے دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں ۔ قلم سے اپنے خیالات کو عام کرسکتے ہیں ۔
قلم سے صدیوں پرانی بات کو بھی حال اور مستقبل تک قائم رکھ سکتے ہیں ۔ قلم ایک تلوار کا رول ادا کرتا ہے جس طرح بادشاہ یا حکمران تلوار سے اپنی حفاظت کرتا ہے اسی طرح طالب علم اپنی حفاظت قلم سے کرتا ہے ۔ جس کے پاس قلم کی طاقت ہوتی ہے وہ دنیا کی کسی بھی طاقت سے نہیں ڈرتا ، کسی بھی طالب علم یا پڑھے لکھے لوگوں کی پہچان قلم ہے ۔ اگر کسی کے پاس جیب میں قلم ہوتو معلوم ہوتا ہے کہ وہ پڑھا لکھا انسان ہے ۔ سائنس نے جس طرح ترقی کی اسی طرح قلم کی ساخت میں تبدیلی دیکھنے کو ملتی ہے ۔ پہلے زمانے میں برو ، سیاہی اور مور کے پر کی مدد سے لکھا جاتا تھا لیکن آج قلم آسانی سے انگلیوں میں پکڑ کر لکھ سکتے ہیں اور اب وہ زمانہ بھی قریب الختم ہے کیونکہ کمپیوٹر اپنے جلوے بکھیر رہا ہے ۔ ہمیں قلم کی عزت کرنی چاہئے ۔ جس طرح ہم ایک کتاب کی عزت کرتے ہیں اسی طرح قلم کی بھی عزت کریں ۔