قلت تغذیہ کے مسائل کا ازالہ مشن موڈ میں :مودی

نئی دہلی۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرا عظم نریندر مودی نے منگل کے روز کہا کہ حکومت قلت تغذیہ کے مسائل کے ازالہ کیلئے مشن موڈ میں کا م کر رہی ہے ۔ مسٹر مودی نے یہاں راشٹر پتی بھون میں گاندھی امن ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچپن صحت مند ہوگا تو ہندوستان صحت مند رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی کامیابی کے لئے عوام کی شرکت ضروری ہے ۔ عوام کی شرکت سے طاقت بڑھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے آزادی کی لڑائی کو عوامی تحریک بنایا تھا۔ انہوں نے اسکول کے بچوں کو کھانا فراہم کرنے والی میریڈین رضا کارتنظیم کے کام کاج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنے کام کو پیشہ ورانہ بنایا ہے ۔ اس کے تین ارب ویں تھالی انہیں متھرا میں پیش کرنے کا موقع ملا تھا۔ مسٹر مودی نے کوڑھ (برص ) کی بیماری کے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم ہفتہ میں ایک روز بیماروں کی خد مت میں اپنا وقت دیتے تھے ۔ کوڑھ سے متعلق سماج میں بیداری آئی ہے اور سماج کی سوچ بدلنے لگی ہے ۔، اس کے بیماروں کو سماج کے اصل دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے ۔