قطر کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد، نواز شریف سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قطر کے وزیرِ خاجہ محمد بن عبدالرحمان ال تھانی نے پاکستان کے مختصر دورے کے دوران وزیرِاعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس ملاقات کے دوران قطری وزیرِ حارجہ نے وزیرِاعظم پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے کیے گئے مطالبات کے جواب میں قطر نے اب تک جو اقدامات کیے ہیں ، ان کے بارے میں بتایا۔قطری وزیر خارجہ نے کویت کے امیر کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا۔پاکستان کے وزیرِاعظم نے کویت کے امیرشیخ صباح ال احمد ال جابر کی جانب سے جاری ثالثی کی کوشش کو سراہا اور کہا کہ خلیجی ریاستوں کے مابین جاری اس تنازعے کے حل لیے امیر کویت کی کوششوں کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے۔اس موقعے پر وزیرِاعظم پاکستان نے قطر اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کا ذکر بھی کیا۔ وزیرِ اعظم پاکستان اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے تمام خلیجی ریاستوں کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور اس حالیہ تنازعے پر پاکستان کو تشویش ہے۔وزیرِاعظم ہاوس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور ملک کے عوام خلیجی ریاستوں کے مابین جاری موجودہ تنازعے کا سفارتی حل دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔