واشنگٹن ۔ /25 جون (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ نے آج کہا ہے کہ قطر سے پڑوسی ممالک نے جو مطالبات کئے ہیں انہیں پورا کرنا کافی مشکل ہے لیکن امریکہ ان مطالبات کو یکسر مسترد نہیں کرتا ۔ سکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹیلرسن نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب ، مصر ، بحرین اور یو اے ای نے مطالبات کی جو فہرست پیش کی ہے ان میں کئی ایسے موضوعات ہے جنہیں جاریہ بات چیت کے ذریعہ حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے قطر اور دیگر عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ مل بیٹھ کر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں ۔ ٹیلرسن نے کہا کہ کشیدگی میں کمی کیلئے مؤثر اقدامات ضروری ہے اور امریکہ اس وقت کویت کی ثالثی کی کوششوں کی مکمل تائید کررہا ہے ۔ ٹیلرسن نے پہلے کہا تھا کہ مطالبات واجبی اور قابل قبول ہونے چاہئیے ۔