قطر کااٹلی سے 4 جنگی جہازوں کی خریدی کا معاہدہ

سعودی عرب اور دیگر پڑوسیوں سے کشیدگی پر فیصلہ ، وزیر خارجہ کا بیان
دوحہ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب اور اس کے اتحادی چند عرب ملکوں کے ساتھ قریب دو ماہ سے تنازعے کی شکار خلیجی ریاست قطر نے یورپی ملک اٹلی کو چار جنگی جہازوں سمیت سات بحری جہازوں کی خریداری کا پانچ ارب یورو مالیت کا آرڈر دے دیا ہے۔ قطر کے وزیر خارجہ نے آج بتایا کہ یہ سمجھوتہ قطر اور اٹلی کے مابین دفاعی شعبے میں تعاون کا حصہ ہے، جس کے تحت اب روم اور دوحہ کے مابین سات بحری جہازوں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کا اعلان قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے دوحہ میں اطالوی ہم منصب انجیلینو الفانو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ اس مشترکہ بات چیت سے قبل دونوں وزراء نے آج ہی آپس میں ایک ملاقات بھی کی، جس میں قطر اور اس پر پابندیاں عائد کرنے والی چار عرب ریاستوں کے مابین تنازعے کے خاتمے کے موضوع پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ محمد نے کہا، ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ قطر اور اٹلی کے مابین عسکری شعبے میں تعاون کے تحت ایک ایسا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد اٹلی قطر کی نیوی کو سات بحری جہاز مہیا کرے گا۔‘ قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ دفاعی شعبے میں اس دوطرفہ معاہدے کی مالیت قریب پانچ ارب یورو بنتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس سے زیادہ کوئی تفصیلات نہ بتائیں اور یہ بھی واضح نہ کیا کہ اس معاہدے میں اٹلی کے کون کون سے ادارے شامل ہوں گے۔قبل ازیں گزشتہ برس جون میں اٹلی کی سرکاری انتظام میں کام کرنے والی شپ بلڈنگ کمپنی Fincantieri نے بتایا تھا کہ اس نے قطر کے لیے چار ارب یورو مالیت کے متعدد بحری جہاز تیار کرنے کے معاہدے پر ابتدائی دستخط کردیئے ہیں۔