نیویارک ۔4 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) پلازا ہوٹل جو نیویارک کی نہایت مشہور عمارتوں میں سے ہے جس میں سبرت رائے زیرقیادت سہارا انڈیا گروپ کے اکثریتی حصص ہیں ، اُسے حکومت قطر کی ملکیت والے فنڈ نے تقریباً 600 ملین ڈالر کے عوض پوری طرح حاصل کرلیاہے ، میڈیا کی ایک رپورٹ میں آج یہ بات بتائی گئی ۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق قطر کے سرکاری ملکیتی کتارا ہولڈنگ نے پلازا ہوٹل کی مکمل ملکیت حاصل کرلی ہے جس میں سبرت رائے کے سہارا انڈیا پریوار سے تعلق رکھنے والے 75 فیصد حصص شامل ہیں۔ یہ معاملت تقریباً 600 ملین ڈالر میں طئے پائی ہے ۔ یہ غیرمتوقع خریدار ایک ہاسپٹلیٹی فنڈ ہے جو دنیا بھر میں حکومت قطر کی طرف سے ہوٹلوں کو خریدکر اُن کا انتظام و انصرام چلاتا ہے ۔ کتارا نے سہارا گروپ کے 75 فیصد اور نیویارک کے رئیل اسٹیٹ انوسٹر کے 25 فیصد حصص حاصل کرلئے ہیں۔