28 فروری کو حیدرآباد میں انٹرویوز ، آن لائن ادخال فارم کا آغاز
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ائیر ہوسٹس و کیبن کریو عملہ میں مستقبل تلاش کررہی لڑکیوں و خواتین کے لیے قطر ائیر ویز میں جائیدادوں پر تقررات کے لیے انٹرویوز منعقد کئے جارہے ہیں ۔ 28 فروری کو حیدرآباد میں واقع ’ کورٹ یارڈ حیدرآباد ‘ لوور ٹینک بنڈ میں صبح 8 بجے تا سہ پہر 3 بجے انٹرویوز منعقد ہوں گے ۔ ان انٹرویوز میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں کو چاہئے کہ وہ 27 فروری سے قبل آن لائن فارم داخل کردیں اور انٹرویو کے دوران اپنا مکمل بائیو ڈاٹا ساتھ رکھیں ۔ علاوہ ازیں امیدواروں کو ایک عدد فل فوٹو اور تعلیمی صداقت نامہ اور پاسپورٹ کی نقولات ساتھ رکھیں ۔ ائیر ہوسٹس و کیبن کریو کے لیے درخواست داخل کرنے والوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ ان کی عمر کم از کم 21 برس ہو ۔ انگریزی بول چال سے واقف ہوں ، صحت مند ہوں اور دوحہ قطر میں سکونت اختیار کرنے کے لیے رضا مند بھی ہوں ۔ بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دیتے ہوئے استحصال کرنے والوں سے بچنے کے لیے راست کمپنی کی جانب سے کئے جانے والے انٹرویوز میں شرکت کرنے کی صلاح عموما دی جاتی ہے اور اب قطر ایر ویز کی جانب سے حیدرآباد میں لڑکیوں و خواتین کے لیے انٹرویوز منعقد ہورہے ہیں ۔ اس شعبہ میں اپنے مستقبل کی تلاش میں سرگرداں امیدوار 28 فروری کو ہورہے ان انٹرویوز میں شرکت کرسکتے ہیں اور اس سے قبل وہ آن لائن درخواست داخل کردیں تاکہ کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ قطر ایرویز کے ذمہ داروں کے بموجب یہ انٹرویوز 3 مراحل میں مکمل کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلہ میں یعنی 28 فروری کو صرف فوٹو اور مکمل بائیو ڈاٹا حاصل کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرلی جائیں گی جب کہ اس کے اندرون دو یوم ماہرین سے مشاورت کے بعد چنندہ امیدواروں کو طلب کیا جائے گا ۔جن کے ٹسٹ منعقد ہوں گے اور پھر ان میں کامیاب امیدواروں کو اگلے مرحلہ میں طلب کرتے ہوئے قطعی انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور پھر منتخبہ امیدواروں کی تربیت کے عمل کا آغاز ہوگا ۔۔