لندن 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک برطانوی لڑاکا جیٹ طیارہ نے آج قطر ائر ویز کے ایک طیارہ کو مانچسٹر ائرپورٹ پر اترنے پر مجبور کردیا ۔ اس طیارہ میں جملہ 282 افراد سوار تھے کیونکہ اطلاع ملی تھی کہ اس میں ایک امکانی آ؛ہ ہے ۔ قطر ائر ویز کے طیارہ کو راء ائر فورس کے ایک طیارہ نے مانچسٹر ائرپور ٹ پر اترنے پر مجبور کردیا کیونکہ پائلٹ کے ذریعہ اس طیارہ میں کسی آلہ کی تنصیب کی اطلاع ملی تھی ۔ یہ طیارہ QR23 دوحہ سے مانچسٹر کیلئے آیا تھا اور اس نے مانچسٹر ائرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرلی ۔ یہ لینڈنگ اس کے شیڈول سے پہلے کرلی گئی ۔ طیارہ میں جملہ 269 مسافرین اور عملہ کے 13 ارکان سوار تھے ۔ قطر ائر ویز نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔
ائر لائین نے کہا کہ طیارہ کے عملہ کو کسی خطرہ کا احساس ہوا تھا اور ممکنہ طور پر طیارہ میں ایک آ؛ہ نصب ہونے کی اطلاع ملی تھی اور قطر ائر ویز نے فوری طور پر برطانوی حکام کو چوکس کرنے کے تمام احتیاطی اقدامات کئے تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عملہ کے ارکان کی جانب سے ائرپورٹ پر پولیس سے ان کی تحقیقات اور سوالات کے معاملہ میں مکمل تعاون کیا جا رہا ہے ۔ بیان کے بموجب مسافرین اور عملہ کے ارکان کا تحفظ قطر ائر ویز کی اولین ترجیح ہے چونکہ یہ معاملہ پولیس کی تحقیقات کا ہے اس لئے ائرویز کی جانب سے مزید کسی طرح کا تبصرہ نہیں کیا جاسکتا ۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے کہا ہے کہ اس کے عہدیداران اس کو ایک مکمل ہنگامی نوعیت کا معاملہ قرار دیتے ہوئے نمٹ رہے ہیں کیونکہ وہ نہیں جانتے کہ یہ خطرہ کس حد تک درست ہے ۔ مانچسٹر ائرپورٹ پر عہدیداروں نے ایک مسافر کو طیارہ سے اتار لیا تھا اور اس کے بعد ہی دوسرے مسافرین کو اترنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ائرپورٹ پر تقریبا 25 منٹ کیلئے تمام پروازوں کی آمد و رفت کو معطل بھی کردیا گیا تھا ۔ پولیس محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر ائرویز کے حکام کی جانب سے مکمل تعاون کے بعد تیزی سے کارروائی کی گئی ہے اور اب ائرپورٹ پر آمد و رفت کی تمام سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے تاہم ہنوز اس معاملہ کی تحقیقات کا کام کیا جا رہا ہے ۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے مسافرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مقصد سے یہ کارروائی کی ہے ۔