صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ ، محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں سے بات چیت
حیدرآباد۔24جنوری (سیاست نیوز) شیخ پیٹ میں محکمہ آثار قدیمہ کے تحت موجود قطب شاہی مسجد کی صفائی کے فوری اقدامات کئے جائیں اور مسجد پر موجود تالا کھولتے ہوئے صفائی و آہک پاشی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے آج اپنے ہنگامی دورہ اور معائنہ کے دوران شیخ پیٹ میں واقع قطب شاہی مسجد کا دورہ کیا اور محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے فوری صفائی کے کاموں کا آغاز کرنے کی خواہش کی ۔ انہو ںنے بعد ازاں ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ مسز ویسالچی سے فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے کہا کہ اس مسجد کو اگر محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے محفوظ نہیں کیا جاسکتا اور صفائی کے انتظامات کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا تو ایسی صورت میں مسجد وقف بورڈ کے حوالہ کردی جائے تاکہ وقف بورڈ اس مسجد کی صفائی و آہک پاشی کے ساتھ اس مسجد کو آباد کرنے کے اقدامات کرسکے ۔ ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے انہیں اس بات سے واقف کروایا کہ محکمہ کو درکار بجٹ نہ ہونے کے سبب آثار قدیمہ کے تحت موجود اس خوبصورت مسجد کو مقفل رکھا گیا ہے اور اس کی نگہداشت نہیں ہو پارہی ہے۔ جناب الحاج محمد سلیم نے کہا کہ فی الفور اس مسجد کی صفائی کا عمل شروع کیا جائے کیونکہ مسجد محکمہ آثار قدیمہ کے تحت ہونے کے سبب وقف بورڈ اب تک خاموش ہے لیکن اب مسجد کی جو حالت ہو چکی ہے اور جس طرح مسجد کے صحن اور باہر کچہرے کے انبار لگے ہوئے ہیں وہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ریاستی حکومت کی جانب سے اس مسجد کی کشادگی اور اسے تحفظ فراہم کرنے کے لئے وہ خصوصی فنڈس حاصل کریں گے اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ جلد از جلد مسجد کے اطراف اور مسجد کے اندرونی حصہ میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ضرورت پڑنے پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بھی نمائندگی کرتے ہوئے بجٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔