واشنگٹن ،3اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کرکے باہمی مفادات سے متعلق دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق خارجہ سکریٹری تہمینہ جنجوعہ اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے وزیر خارجہ کو اپنا تعاون دیا۔وزیرخارجہ پومپیوکی دعوت پر امریکہ کا سرکاری دورہ کررہے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے مابین قریبی روابط باہمی طورپر ہمیشہ سودمند اور جنوبی ایشیا میں استحکام کا لازمی عنصر رہاہے ۔انھوں نے زوردیاکہ پیش رفت کے لئے مذاکرات کی غرض سے ایک وسیع اور طے شدہ فریم ورک دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد کے لئے بہتر ہوگا۔