حیدرآباد ۔ /4 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے واجب الادا (فصل) قرضہ جات معاف کرنے کی تلنگانہ حکومت پابند ہے ۔ لہذا حکومت کی ترجیحات کیلئے بینکروں سے تعاون کرنے کی خواہش کی ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں منعقدہ ریاستی سطح کے بینکرس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ انتخابی منشور میں کسانوں سے کئے ہوئے وعدوں و دیئے گئے تیقنات کے مطابق ایک لاکھ روپئے سے کم فصل قرضہ جات کو معاف کرنے میں بینکرس حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ بینکوں کے ناموں کے ساتھ کسانوں کے فصل قرضہ جات سے متعلق فہرست آئندہ دو دن میں فراہم کریں ۔ تاکہ ایک ہفتہ بعد دوبارہ بینکروں کے ساتھ اجلاس طلب کرکے فصل قرضہ جات معاف کرنے کیلئے کوئی قطعی فیصلہ کیا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں کسانوں کے فصل قرصہ جات معاف کرنے کے مسئلہ پر ہی تفصیلی غور و خوص کیا گیا
اور چیف منسٹر مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے اس موقعہ پر بینکروں سے ایک لاکھ سے کم ( اندرون ایک لاکھ روپئے ) قرض حاصل کرنے والے کسانوں کی تفصیلات اور جملہ قرض رقومات کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کریں اور ہر بینک عہدیدار نے علحدہ علحدہ اعداد و شمار پیش کرنے پر ایک ہفتہ بعد منعقد کئے جانے والے اجلاس میں مکمل تفصیلات کے ساتھ شرکت کرنے کا بینکروں کو مسٹر چندر شیکھر راؤ نے مشورہ دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فصل قرضہ جات مکمل معاف کرنے کے مسئلہ پر بینکرس نے اعتراض کیا ۔ جس پر ماہ جون 2013 ء تا ماہ جون 2014 ء کے دوران کسانوں کے حاصل کردہ فصل قرضہ جات کو ہی معاف کرنے کی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تجویز پیش کی ۔ لیکن اس تجویز پر کسانوں کی جانب سے سخت مخالفت کئے جانے کے امکان کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے آئندہ پیر کو منعقد ہونے والے بینکرس اجلاس میں قطعی فیصلہ کرنے کا چیف منسٹر نے اظہار کیا ۔ آج منعقدہ بینکرس اجلاس میں مسرس پی سرینواس ریڈی وزیر زراعت ای راجندر وزیر فینانس و سیول سپلائیز ڈاکٹر راجیو شرما ، چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ و محکمہ فینانس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے ۔