قربانی کے ناکارہ اشیاء کی نکاسی کا انتظام کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کا بیان

حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمارنے بتایا کہ عیدالاضحی کے پیش نظر جی ایچ ایم سی حدود میں قربانی کے جانوروں کا فضلہ اور ناکارہ اشیاء کی نکاسی کے لیے بلدیہ سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع 18 ، 14 ، 10 ، 9 ، 8 ، 7 ، 6 ، 5 ، 4 سرکلس میں گاڑیوں ، صفائی عملہ کو متعین کرنے کے ساتھ ساتھ زائد از ایک لاکھ پلاسٹک بیاگس کی فراہمی کے لیے انتظامات کیا ہے ۔ پرانا شہر کے علاقہ میں واقع 4 ، 5 ، 7 سرکلس میں خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں فضلہ اور ناکارہ اشیاء کی نکاسی کے لیے 25 ٹن کی گنجائش والی 38 گاڑیاں ، 10 ٹن کی گنجائش والی 37 گاڑیاں ، 6 ٹن گنجائش والی 30 گاڑیاں کے علاوہ 25جے سی بی گاڑیاں جملہ 130 گاڑیوں کو مقرر کردیا گیا ہے۔ سڑکوں کو وقت واحد میں بروقت صاف ستھرا رکھنے کیلئے زائد واٹر ٹینکرس کو بھی مقرر کرنے کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں خصوصی عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دینے کے علاوہ بلدیہ عملہ کو متحرک کردیا گیا ہے تاکہ صاف صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔۔