اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا تاریخ اسلام اجلاس۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اوردیگر کے لکچرس
حیدرآباد 3سپٹمبر( پریس نوٹ) اسلام میں قربانی کی حقیقت خالص اللہ تعالیٰ کے لئے، اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی کے لئے اور تقرب مولیٰ تعالیٰ کے وسیلہ کے طور پر واجب ہے، جس کی اپنی ایک اعلیٰ ترین اور روحانی تاریخ ہے جو اللہ تعالیٰ کے خلیل حضرت ابراہیم ؑ سے وابستہ ہے۔اسلام کا حکم قربانی بلاشبہ حضرت ابراہیم ؑ کی یادگار ہے۔انسانی تاریخ میںیہ اپنی نوعیت کا واحد، نادر اور انوکھا واقعہ ہے جس میں ایک بندہ یعنی حضرت ابراہیم ؑ نے عشق مولیٰ تعالیٰ اور کمال عبدیت سے سرشار تعمیل ارشاد حق سبحانہ و تعالیٰ میں عملاً اپنے فرزند کو قربان کر دینے کا عملی اقدام کیا۔اس طرح رہتی دنیا تک ایک مثال قائم کر دی۔ ادھر مالک کونین قادر مطلق نے اپنے بندہ خاص کے اس جذبہ عشق و وارفتگی ،تسلیم و رضا کے انداز اور قربانی کے عملی اقدام کو شرف قبولیت بخشا اور اپنے کرم سے بطور فدیہ جنت سے دنبہ بھیج کر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو بچا لیا اور انھیں ذبیح اللہ کا خصوصی نام اور شرف عطا کیا ونیز آنے والوں کے لئے قیامت تک اس واقعہ کو بطور یادگار باقی رکھا ۔حضرت ابراہیم علیہ السلام کے عشق و وارفتگی کا یہ انعام خاص ہے کہ قیامت تک توحید کے متوالے اور رسالت کے پروانے حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے جد کریم حضرت ابراہیم ؑ کی اس سنت کو راہ خدا میں حلال جانوروں کے سالانہ قربان کر نے کے ذریعہ قائم رکھیں گے۔اسلام میں قربانی کی مشروعیت، ترویج اور تسلسل کا باعث یہی واقعہ ہے۔ رسول اللہؐ سے جب صحابہ کرام نے قربانی سے متعلق دریافت کیا تو ارشاد فرمایا کہ یہ (حضرت) ابراہیم (علیہ السلام) کی سنت ہے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے آج صبح ۹ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی اور 11.30بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی، مالاکنٹہ روڈ،روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ ’1267‘ویں تاریخ اسلام اجلاس کے پہلے سیشن میں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے حقائق و فضائل پر مبنی توسیعی لکچر دئیے۔ قرا ء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے اجلاس کا آغاز ہوا۔اہل علم حضرات اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا قادری حمیدی نے خیر مقدمی خطاب کیا۔مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ و معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری مطالعاتی مواد پیش کیا۔پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا بعدہٗ انھوں نے انگلش لکچر سیریز کے ضمن میں حیات طیبہؐ کے مقدس موضوع پرلکچر دیا۔ ڈاکٹر سید محمد رضی الدین قادری حسان حمیدی پروفیسر(اسسٹنٹ) عر عر یونیورسٹی نے تعارفی خطبہ دیا۔