قربانی تسلیم و رضا ، صبر و استقامت کا بے نظیر مظاہرہ

زندگی کا حاصل و عبادات کا جز ، عیدالاضحی کے موقع پر مولانا متین علی شاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( پریس نوٹ) : قربانی تسلیم و رضا صبر و استقامت کا بے نظیر مظاہرہ ہے ۔ اعتراف بندگی اور تقویٰ و پرہیزگاری قربانی کی حقیقی روح ہے ۔ تقویٰ ہی وہ عظیم جذبہ ہے جو زندگی کا حاصل اور تمام اسلامی عبادات کا جز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری نے کل عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں عیدالاضحی کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکی آدھا ایمان ہے ۔ اسلامی تعلیمات میں پاکیزگی کی سختی سے تاکید کی گئی ۔ قربانی دینے کے مقام پر صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ قربانی کے بعد ناکارہ اشیاء کو سڑکوں پر پھنکنا غیر اخلاقی عمل ہے ۔ عید قربان کے موقع پر جابجا گندگی سے نہ صرف محلہ والوں ، دیگر طبقات اور ابنائے وطن کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بلکہ بیشتر مقامات پر راہگیروں کو بھی تعفن و بدبو کے سبب کراہیت ہوتی ہے ۔ اس موقع پر صفائی کا خاص اہتمام کریں ۔ مولانا متین علی شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت ابراہیم ؑ کی تعلیمات کا مطالعہ کریں اور عامتہ المسلمین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کیرالا میں آفات سماوی کے سبب سیلاب کے نتیجہ میں سینکڑوں اموات اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں ان کیلئے دل کھول کر مالی اعانت کریں ۔۔
٭٭ عیدگاہ درگاہ حضرت سالار اولیاؒ نیو حفیظ پیٹ سروے نمبر 80 سیرلنگم پلی منڈل ضلع رنگاریڈی میں نماز عید ادا کی گئی نماز عید کے جملہ انتظامات متولی و سجادہ نشین درگاہ حضرت سالار اولیاء جناب سلطان احسن الدولہ کی سرپرستی میں کئے گئے ۔۔
٭٭ شمس آباد کی مساجد میں عید الاضحی کی نماز خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی ۔ مسجد رفیع داور سعادت کالونی میں مولانا عبید اللہ ہاشمی نے امامت و خطابت کی ۔ مسجد عائشہ قاضی گلی شمس آباد میں حافظ محمد فہیم خاں نے امامت کے فرائض انجام دئیے ۔ حشمت اللہ حسینی نے قربانی کے فضائل پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔۔