قرآنی احکام

تبصرہ
موجودہ دور کا انسان عدیم الفرصت ہو گیا ہے، نیز الکٹرانک اشیاء کی بہتات نے کتب بینی کے ذوق پر منفی اثر ڈالا ہے۔ کسی موضوع پر ایک آدھ کتاب کا مطالعہ ہی مشکل ہو گیا ہے، چہ جائے کہ ضخیم جلدوں کا۔ ایسے حالات میں موضوعاتی مطالعہ کو فروغ دینا اور آسان اسلوب میں ضروری احکام کو اجاگر کرنا امت مسلمہ کی ذمہ داری بنتی ہے، جس کو نبھانے کے لئے جناب ابن غوری نے پہل کی ہے۔ مصنف نے اپنی علمی و قرآنی خدمت کا سفر جاری رکھتے ہوئے زیر نظر تالیف ’’قرآنی احکام‘‘ مرتب کی، جو دراصل ان کی کتاب ’’قرآن میں کیا ہے‘‘ کا حاصل مطالعہ ہے، بایں طور کہ جو احکام اس کتاب میں قصص و موعظت اور تذکیر و تبلیغ کے ضمن میں آگئے تھے، ان کو علحدہ کرکے یکجا کردیا گیا۔ عام قاری کی سہولت کے لئے احکام کو نمبر بھی دیئے گئے ہیں اور زبان و اسلوب پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ خلاصہ یہ کہ یہ کتاب احکام قرآن کا عطر کشید ہے، جس سے ایک قاری آسانی سے استفادہ کرسکتا ہے اور موجودہ مشغول زندگی میں قرآنی ہدایات سے مستفیض ہونے کی راہیں ہموار کرتی ہے۔ یہ کتاب مکان مؤلف نیو ملے پلی کے علاوہ ہدیٰ بک سیلرز پرانی حویلی اور مکتبہ کلیمیہ، یوسفین چوراہا نامپلی سے حاصل کی جاسکتی ہے یا مؤلف سے ان کے موبائل نمبر 9392460130 پر ربط پیدا کریں۔