لندن۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) قرآن کریم کے اوراق پھاڑنے والے شریوز بری سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے ایک مداح نے گزشتہ روز عدالت میں دھمکی آمیز رویئے کااعتراف کیا، مڈلز برو کا سیزن ٹکٹ رکھنے والے مارک اسٹفینسن پر مجسٹریٹ نے 235 پونڈ جرمانہ عائد کیا، مجرم نے اپنے فعل پر ندامت کااظہار کیا۔ ملزم سے مذہبی دل آزاری کا یہ فعل گزشتہ سال دسمبر میں برمنگھم سٹی میں مڈلز برو کے اسکائی بیٹ چمپئن شپ کے دوران سرزد ہوا تھا۔22 ہزار پونڈ مالیت کی سالانہ خریداری کرنے والا پرچیزنگ منیجر کھیل کے ان 20 مداحوں میں شامل تھا جنھیں ایک خاتون نے قرآن کے اوراق فراہم کئے تھے،جو وہ بیگ میں رکھ کرلائی تھی،پراسیکیوٹر جوناتھن پرسر نے عدالت کوبتایا کہ اسٹفینسن کا سابقہ کسی سزا یا انتباہ کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس نے چند اوراق کو نذر آتش کرنے کو معمولی بات تصور کیاتھا۔
احمدی فرقہ کے تحفظ کیلئے امریکی گروپ سرگرم
واشنگٹن ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی قانون سازوں نے احمدی فرقہ کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے ایک گروپ تشکیل دینے کااعلان کیا ہے۔ احمدی فرقہ پر پاکستان اور دیگر اسلای ممالک میں حملہ کئے جانے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ امریکی کانگریس کے ایک گروپ نے اپنا ایجنڈہ بھی تیار کرلیا ہے ۔ ری پبلکن نمائندہ فرینک وولف اور ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدرنشین جیکی اسپائر نے دریں اثناء کہا کہ احمدی فرقہ کا گروپ پاکستان میں مصائب کا شکار احمدی فرقہ کے حقوق کے لئے جدوجہد کرے گا ۔ انھوں نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ انڈونیشیاء اور سعودی عرب کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک میں احمدی فرقہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔گروپ کی تشکیل کی ایک تقریب کے دوران مسٹر وولف نے مزید کہاکہ احمدی فرقہ کے تئیں ہماری کچھ ذمہ داریاں ہیں۔ امریکہ خاموش تماشائی نہیں بن سکتا ۔