مناما ۔ /12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی ایک نوجوان فیشن ڈیزائنر طالبہ نے قرآن مجید کی بے حرمتی کرتے ہوئے اپنے کالج کے پروگرام میں ایسا ڈریس تیار کیا جس پر آیات لکھی ہوئی تھیں ۔ یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹس پر تیزی سے پھیل گئی اور سعودی عرب کے بشمول دیگر عرب ممالک نیشدید برہمی کا اظہار کیا ۔
اسرائیل کے سینکر کالج آف انجنیئرنگ اینڈ ڈیزائن کے فیس بک اکاؤنٹ پر سب سے پہلے یہ تصویر دکھائی گئی جس میں واضح طور پر سورہ بقرہ کی آیات لکھی ہوئی ہیں ۔ اس تصویر کے ساتھ عنوان اس طرح تحریر کیا گیا ہے کہ ’’ٹین کی گرم چھت پر بلی ‘ بہار عرب کا ایک انداز‘‘ ۔ اس فیشن ڈیزائنر کے ارکان خاندان نے کہا کہ طالبہ کا ارادہ قرآن مجید کی بے حرمتی یا مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے کا نہیں تھا ۔ مسلمانوں نے اسے اسلام کی توہین قرار دیتے ہوئے طالبہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹس پر ہر گوشہ سے اس بے حرمتی کی سخت مذمت کی جارہی ہے ۔