مکہ مسجد میں ایم بی ٹی کا جلسہ یوم القرآن ‘ صدر تحریک مجید اللہ خاں فرحت و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : قرآن مجید سرچشمہ ہدایت اور اللہ تعالی کی نعمت با برکت کتاب ہے ۔ قرآن مجید کی تلاوت سے نور ہدایت ‘ نعمت بابرکت با رحمت اور اعلیٰ وقار ملتا ہے ۔ خدا تعالی کی رحمتوں سے مالا مال اور بندہ با کمال درجہ پر فیض پاتا ہے اور تلاوت کی محرومی سے دونوں عالم میں ذلت و رسوائی ملتی ہے اور خدا تعالی کی رحمت سے محروم رہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آج بعد نماز جمعہ تاریخی مکہ مسجد میں منعقدہ جلسہ یوم القرآن زیر اہتمام مجلس بچاؤ تحریک سے صدر ایم بی ٹی جناب محمد مجید اللہ خاں فرحت نے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر ایم بی ٹی فرحت اللہ خاں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ دنیا کی کسی بھی طاقت سے نہ گھبرائیں بلکہ حق کا ساتھ دیتے ہوئے ہمیشہ باطل قوتوں کو ناکام بنادیں ۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ رحمت ، مغفرت ، صلہ رحمی ، غم خواری اور نیکیوں کا مہینہ ہے ۔ غریبوں و مسکینوں کی مدد اور ایثار و قربانی کا مہینہ ہے ۔ فرحت اللہ خاں انجینئر نے کہا کہ آج ہم دین سے دور ہونے کا نتیجہ ہے کہ اغیار ہم پر مسلط ہو رہے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم قرآن و حدیث کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ تھام لیں ۔ فرحت اللہ خاں نے کہا کہ آج ہر طاقتور یہی کہہ رہا ہے کہ اس کا ہی ایجنڈہ بہتر ہے چنانچہ ہمیں حق و باطل کے معرکہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ فرحت خاں نے کہا کہ 17 رمضان کو معرکہ بدر نے دنیا کے نظریات کو بدل دیا اور اس بات کا پیغام دیا کہ طاقت حق نہیں ہے بلکہ حق طاقت ہے ۔ صدر ایم بی ٹی نے کہا کہ قرآن کا پیغام ہے کہ حق دار کو حق ادا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد بم دھماکوں میں ملوث اسیمانند اپنا گناہ باضابطہ 30 فروری کورٹ میں قبول کرنے کے باوجود این آئی اے نے اسے کلین چٹ دیتے ہوئے باعزت بری کردیا جب کہ ملک بھر میں آج مسلمان ہزاروں کی تعداد میں بے گناہ ہونے کے باوجود قید و بند کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ فرحت اللہ خاں نے وزیراعظم کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی ۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام پاک سے کیا گیا کمسن نعت خواں کے علاوہ دیگر قائدین بھی مخاطب کیا ۔ جلسہ کی کارروائی سکندر مرزا نے انجام دی ۔ اس موقع پر مولانا سید طاہر ، سید مصطفی محمود ، راشد ہاشمی ، اجمل الدین فاروقی ، ماجد خاں ، سکندر اللہ خاں ، محمد عثمان حبیب چاوش ، ایم اے حبیب ، الطاف نصیب خاں ، محمد اسلم خاں ، سید معین ، سید رحیم ، احمد ، سید علیم ، محمد چاند بھائی ، ٹیپو عبدالرحیم خاں کے علاوہ کثیر تعداد میں محبان تحریک موجود تھے ۔ مصلیان مکہ مسجد نے صدر ایم بی ٹی فرحت اللہ خاں کا گرم جوشانہ خیر مقدم کیا اور ملاقات کی ۔ جلسہ کے اختتام پر مصلیان نے ایک یادداشت صدر ایم بی ٹی کے حوالے کرتے ہوئے خواہش کا اظہار کیا کہ وہ مکہ مسجد میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد کرنے حکومت سے نمائندگی کریں ۔۔