حیدرآباد۔26جنوری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کے ایرا گڈہ کے مقام پر پائی جانے والے قدیم ٹی بی ہاسپٹل کو وقارآباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں تقریباً تمام تر تیاریاں مکمل ہونے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ‘ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ٹی بی ہاسپٹل کی ایرا گڈہ سے وقارآباد منتقل کرنے سے متعلق فائیل پر چیف منسٹر نے دستخط ثبت کردئے ہیں اور سمجھا جاتا ہیکہ ایرا گڈہ ٹی بی ہاسپٹل کی منتقلی کے تعلق سے ایک یا دو دن میں جی او کی اجرائی یقینی ہے اور جی او کی اجرائی کے فوری بعد ایرا گڈہ ٹی بی ہاسپٹل کی وقارآباد کو منتقلی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز ہوجائیگا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ چیف منسٹر نے گذشتہ دنوں ایرا گڈہ ٹی بی ہاسپٹل کے ساتھ قدیم ’ منٹل ہاسپٹل ‘ کو بھی وقارآباد منتقل کردینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا ۔ بتایا جاتاہیکہ چیف منسٹر نے مذکورہ دونوں ہاسپٹلس کو فی الفور اس مقام سے تبدیل کردینے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دیں گے ۔