نئی دہلی ۔ /4 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے موثر اور شفاف نظم و نسق کی فراہمی کے مقصد سے سرکاری عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ قدیم و روایتی طریقہ کار کو ختم کریں جن سے حکمرانی پر اثر پڑرہا ہے اور غیرضروری الجھن پیدا ہورہی ہے ۔ اس کے برعکس انہوں نے فیصلہ سازی کی حوصلہ افزائی کی اور وعدہ کیا کہ وہ ان کی بھرپور تائید کریں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج تمام وزارتوں اور محکمہ جات کے 77 سکریٹریز و سینئر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے وہ ان سے فون یا ای میل پر راست رابطہ قائم کرسکتے ہیں اور انہیں تجاویز بھی پیش کرسکتے ہیں ۔ آج تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہے اس اجلاس کے دوران نریندر مودی نے اعلیٰ عہدیداروں کی بات غور سے سنی اور ان کے احساسات سے تعلق خاطر کا اظہار کیا ۔ انہوںنے یہ بات نوٹ کی کہ محض حالات کی وجہ سے وہ اپنی حقیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپارہے ہیں ۔ تقریباً 8 سال کے بعد اس طرح کاپہلا اجلاس منعقد ہوا تھا ۔ نریندر مودی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ فیصلے کریں اور وہ (مودی) ان کا ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے انتظامی قواعد اور طریقہ کار کو بھی آسام اور موافق عوام بنانے کی ہدایت دی ۔