ہندوستان تیسرے مقام پر، فلپائن اور چین سب سے زیادہ متاثر
جنیوا ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان دنیا بھر میں فلپائن اور چین کے بعد تیسرے مقام پر ہیں جہاں کے عوام کی اکثریت کو قدرتی آفات کے باعث اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ گذشتہ سال تقریباً 19.3 ملین افراد کو قدرتی آفات کے باعث نقل مکانی کرنی پڑی۔ ناروے کے ایک عالمی انسانی بنیادوں پر کام کرنے والے گروپ کی رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی۔ گذشتہ 7 سال کے دوران یعنی 2008 تا 2014ء میں ایک اندازہ کے مطابق ہر سکنڈ میں ایک شخص قدرتی آفات کے باعث بے گھر ہورہا ہے۔ گذشتہ سال نقل مکان کرنے والے افراد کی تعداد کے اعتبار سے ہندوستان تیسرے مقام پر ہے جبکہ فلپائن پہلے اور چین دوسرے مقام پر ہے۔ ان تین ممالک میں سیلاب، طوفان بادوباراں اور زلزلوں کے باعث بے شمار لوگ اپنے گھر بار سے محروم ہوگئے۔ اس کے علاوہ گذشتہ سال 20 قدرتی آفات کے منجملہ تقریباً 15 ان ممالک میں ہی دیکھی گئی۔ متوسط آمدنی کی حامل ممالک بالخصوص ایشیائی ممالک جہاں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور جہاں معیشت بھی تیزی سے ترقی پا رہی ہے، قدرتی آفات اور نقل مکانی کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔