حیدرآباد 12 مارچ ( پی ٹی آئی ) ضلع میدک میں ایک قتل کیس کا ملزم پولیس تحویل میں پر اسرار حالت میں فوت ہوگیا ۔ اس سلسلہ میں فرائض سے لاپرواہی برتنے کے الزام میں چار پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ ٹی لکشمن نامی 35 سالہ شخص گذشتہ سال ڈسمبر میں ہوئے خاتون کے قتل کیس میں پولیس کو مطلوب تھا ۔ اسے کل رات اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ ممبئی سے ظہیر آباد پہونچ رہا تھا ۔ اسے پالکل پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا ۔ میدک ایس پی بی سمتی نے بتایا کہ جب وہ پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر روم میں تھا اس نے پھانسی لینے کی کوشش کی تھی ۔ ایک کانسٹیبل نے اس کو دیکھ لیا اور اسے قریبی ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا ۔ بعد ازاں اسے حیدرآباد کے دواخانہ کو منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستہ میں فوت ہوگیا ۔ ایس پی نے بتایا کہ فرائض سے لاپرواہی برتنے کے الزام میں چار پولیس اہلکاروں انسپکٹر وی ناگیا ‘ سب انسپکٹر لوکیش اور دو اسکارٹ کانسٹیبلوں یادیا اور ادئے کو معطل کردیا گیا ہے ۔ مشتبہ حالت میں موت کے پیش نظر مجسٹریٹ سے تحقیقات کروائی جائیں گی ۔ ایس پی نے کہا کہ دفعہ 176 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ اس دوران متوفی کے رشتہ داروں اور مقامی گاوں والوں نے الزام عائد کیا کہ یہ لاک اپ موت کا کیس ہے ۔