قبول اسلام کے واقعات کا جائزہ لینے کمیٹی کا قیام

کوالالمپور 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مسلم اکثریت والے ملک ملائیشیا نے ایک کمیٹی قائم کی ہے تاکہ سیول اور اسلامی شرعی عدالتوں کے درمیان اسلام قبول کرنے والے افراد اور اُن کے سابق غیر مسلم شریک حیات کے بارے میں مقدمات پر پیدا ہونے والے تنازعات کا جائزہ لے سکے۔ حکومت ملائیشیا اِس مسئلہ پر سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے اور جلد از جلد ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔ وزیراعظم کے دفتر کی وزیر نینسی شکری نے کہاکہ وہ اِس مشترکہ کمیٹی کی معاون صدرنشین ہوں گی۔ اُن کے دوسرے ہم منصب جمیل کیر بہروم ہوں گے۔

جنوبی کوریا کے غرق بحری جہاز میں ہلاکتوں کے اندیشے میں اضافہ
موکپو (جنوبی کوریا) 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور سمندری موجیں، بارش اور ناقص حد بصارت کی وجہ سے 287 لاپتہ مسافروں کو زندہ بچالینے کے امکانات کم ہوچکے ہیں۔ یہ تمام افراد جنوبی کوریا کے مسافر بردار بحری جہاز میں سوار تھے جو کل غرق ہوگیا اور 292 افراد کو لاپتہ قرار دے دیا گیا۔ 9 افراد کی ہلاکت کی توثیق ہوچکی ہے اور آج کے ناسازگار موسمی حالات کی وجہ سے آبدوز کشتی کی زندہ بچ جانے والے افراد کو بچانے کی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں اور لاپتہ افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات موہوم ہوتے جارہے ہیں۔ دریں اثناء جہاز کے غرق ہونے سے پہلے اِس میں سوار طلبہ نے اپنے والدین کو جو ایس ایم ایس موبائیل فونس پر روانہ کئے تھے، اُن کا متن دلسوز ہے اور اُس سے اُس دہشت کا پتہ چلتا ہے جس کا سامنا اِن طلبہ کو ہورہا تھا۔ اُن کے برہم والدین اور رشتہ داروں نے حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔