قبل از وقت انتخابات میں کے سی آر کو شکست ہوگی

تلنگانہ کیلئے قربانیاں دینے والے نوجوان فراموش : ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔3ستمبر ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی و شعلہ بیان مقرر ریونت ریڈی نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات پر کے سی آر کو شکست ہو جائے گی ۔ فیصلہ پر نظرثانی کرتے ہیں تو بھی کے آر کی شکست ہوگی ۔ آج ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ 100اسمبلی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے معاملہ میں چیف منسٹر غلط فہمی کا شکار ہیں ۔ اگر ٹی آر ایس کی طاقت پر انہیں یقین ہے تو وہ دوسری جماعتوں سے مذاکرات کیوں کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام سماجی انصاف چاہتے ہیں ۔ بھینس بھیڑ بکریاں نہیں ۔ جن نوجوانوں نے تلنگانہ کیلئے زندگیاں قربان کی تھیں ان کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر غریب عوام کے بچوں کو بھیڑ بکریاں اور بھینس چرانے دے رہے ہیں جبکہ اپنے بیٹے کو وزیر بناچکے ہیں ۔ ریاست کا بجٹ کے سی آر خاندان کے کنٹرول میں ہے ۔ کے ٹی آر کے وزیر آئی ٹی بننے کے بعد انفارمیشن ٹکنالوجی میں سرمایہ کاری بڑی حد تک گھٹ گئی ہے ۔ تلنگانہ کو فاضل برقی والی ریاست بنانے کا دعویٰ جھوٹا ہے ۔ ابھی تک ایک یونٹ نئی برقی ریاست میں پیدا نہیں ہوئی ۔ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کی اصلاحات کے باعث سارے ملک میں فاضل برقی موجود ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی جانب سے پارٹی تشکیل دینے کے 6 سال بعد کے ٹی آر امریکہ سے پہنچے ‘ کویتا نے سڑکوں پر کھانا پکا کر چھوٹے احتجاج کئے مگر تلنگانہ تحریک میں حصہ نہیں لیا ۔ سماج کے تمام طبقات نے ابھی تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اب انکے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے ۔کے سی آر ٹی آر ایس کے ایجنڈے کو عوام کے ایجنڈے میںتبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کا انہیں آئندہ انتخابات میں خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔