قبضہ کی اراضیات کو باقاعدہ بنانے کی تاریخ میں توسیع

درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 جنوری ہوگی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( ایجنسیز ) : ریاستی حکومت نے ناجائز قبضہ کی گئی اراضی کو باقاعدہ بنانے کے لیے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں کل شام توسیع کی ہے جب کہ یہ تاریخ منگل کو ختم ہونے والی تھی ۔ 125 مربع گز تک قبضہ کی اراضی کو ریگولرائزیشن ( باقاعدہ بنانے ) کے لیے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ اب 31 جنوری ہوگی جب کہ 125 مربع گز سے زیادہ کی ناجائز طور پر قبضہ کی گئی اراضی کو باقاعدہ بنانے کے لیے تاریخ میں 28 فبروری تک توسیع کی گئی ہے ۔ 125 مربع گز تک کی زمین پر غیر مجاز تعمیرات کو مفت باقاعدہ بنایا جائے گا جب کہ غیر قانونی قبضہ کے کسی اضافی رقبہ کی صورت میں حکومت کی جانب سے مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد ہی باقاعدہ بنایا جائے گا۔ 125 مربع گز تک کی زمین کو باقاعدہ بنانے کا یہ اقدام دراصل غریب افراد کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ جب کہ اس سے زیادہ رقبہ والی اراضیات کو باقاعدہ بنانے سے توقع ہے کہ حکومت کو اس سے آمدنی حاصل ہوگی ۔ حکومت نے اس سلسلہ میں دو جی اوز 58 اور 59 جاری کئے ہیں جو اسطرح کے ریگولرائزیشنس کی اجازت دیتے ہیں ۔ جی او 58 ، 125 مربع گز تک کی زمین کے لیے ہے اور جی او 59 ناجائز قابضین کے فیس ادا کرنے والے زمروں کے لیے ہے ۔ ناجائز قابضین کے مختلف زمروں کے لیے باقاعدہ بنانے کے لیے آخری تاریخ میں توسیع کرنے کا فیصلہ چیف منسٹر کے زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں ریگولرائزیشن کی کوشش اور اس کے لیے موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور کئی درخواست گذار حیدرآباد اور رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کلکٹریٹس سے اس سلسلہ میں رجوع ہورہے ہیں ۔۔