لارناکا۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)قبرص میں حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو جس ہائی جیکر نے مصر کی ایک پرواز کو قبرص میں اترنے پر مجبور کر دیا تھا، اسے عدالت نے 8 دن کیلئے ریمانڈ پر دے دیا ہے۔حکام نے اس شخص کا نام سیف الدین مصطفی بتایا ہے اور کہا ہے کہ وہ نفسیاتی طور پر متاثر ہے۔اسے چہارشنبہ کو قبرص کے شہر لارناکا کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر سیف الدین مصطفی خاموش رہا لیکن جب پولیس اہلکار انھیں واپس لے جا رہے تھے تو اس نے فتح (V) کا نشان بنایا۔مصر کی فضائی کمپنی ’ایئرایجپٹ‘ کی پرواز ایم ایس 181 کو مصر کے شہر سکندریہ سے قاہرہ جاتے ہوئے ہائی جیک کر لیا گیا تھا۔اس واقعہ پر مصر کے ہوئے اڈے پر سکیورٹی کی لاپرواہی کے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں کہ آخر ایک شخص اس طرح کی بیلٹ کے ساتھ، گرچہ وہ جعلی سہی، کیسے بآسانی جہاز میں سوار ہو سکا۔مصر کے وزارت سیاحت نے اس واقعہ کے بعد تمام ہوئی اڈوں پر سکیورٹی سخت کردی گئی۔