پیر شبیر نقشبندی کی نمائندگی پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے چشتی چمن قبرستان واقع منگل ہاٹ میں قبور کی بے حرمتی کے سلسلہ میں عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اس سلسلہ میں مولانا پیر شبیر نقشبندی کی نمائندگی کے بعد صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چشتی چمن کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں اور قبروں کی بے حرمتی کی شکایت پر رپورٹ پیش کریں۔ محمد سلیم نے کہا کہ عہدیداروں کی رپورٹ کے بعد وہ پولیس، بلدیہ اور ریونیو کے عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کریں گے ۔ واضح رہے کہ حضرت سید شاہ افتخار علی شاہ وطنؒ کی درگاہ سے متصل قبرستان میں گزشتہ کئی برسوں سے قبروں کی بے حرمتی کی شکایات ملی ہیں۔ 5 ایکر 6 گنٹے اراضی پر لینڈ گرابرس کے قبضہ کو ختم کرنے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ سے نمائندگی کی گئی۔ پیر شبیر نقشبندی نے محمد سلیم کو بتایا کہ شرپسند عناصر برسوں سے قبرستان کو تباہ کر رہے ہیں لیکن کوئی عہدیدار نے کارروائی نہیں کی اور نہ ہی قبرستان کا تحفظ کیا ۔ محمد سلیم نے تیقن دیا کہ اس قبرستان کا تحفظ کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔